امید ہے مذاکراتی عمل کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے،شیر افضل مروت
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے بعد اپنی پارٹی کو سول نافرمانی کی تحریک کو مؤخر کرنے کی تجویز دیدی۔
باغی ٹی وی: ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، پارٹی کو تجویز دیتا ہوں کہ ہمیں سول نافرمانی کی تحریک کو مؤخر کرنا چاہیے اور حکومتی کمیٹی کو موقع دینا چاہیے امید ہے کہ مذاکراتی عمل میں دونوں فریقین مثبت کردار اد کریں گے، سیاسی استحکام کے لیے مذاکراتی عمل انتہائی ضروری ہے، امید ہے مذاکراتی عمل کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
دوسری جانب مذاکراتی کمیٹی سے متعلق عمر ایوب نے کہا کہ دیکھنا ہوگا مذاکرات کو لے کر حکومت کی سنجیدگی کتنی ہے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ کمیٹی بااختیار ہے یا نہیں، مذاکرات کے حوالے سے ہمارے مطالبات حکومت کے سامنے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کمیشن بنانے کا مطالبہ سامنے رکھا ہے، کوئی ڈیمانڈ آئی تو اس پر سوچیں گے،سول نافرمانی تحریک سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار عمران خان کو حاصل ہے، عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی اس پر کوئی مؤقف یا رائے دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد پر مشتمل کمیٹی کا اعلان کیا ہے جس میں اسحاق ڈار، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، رانا ثنا اللہ، خالد مقبول صدیقی اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔