سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) کرسمس کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ۔کرسمس کیک کاٹاگیا
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں کرسمس کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے لیے مسیحی عبادت گاہوں پر چراغاں، صفائی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے "منیاریٹی کارڈ پروگرام” کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 5 دسمبر سے 5 جنوری تک رجسٹریشن جاری رہے گی، جس میں 50 ہزار مستحق اقلیتی خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کیا گیا، جن میں مستحق طلباء کے لیے تعلیمی اسکالرشپ، اقلیتی علاقوں کی ترقی، مذہبی مقامات اور قبرستانوں کی تزئین و آرائش، اور اقلیتی نوجوانوں کے لیے ہنر کی تربیت شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اقلیتوں کے حقوق، آزادی، اور مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے کہا کہ مسیحی برادری نے صحت اور تعلیم کے میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور اقلیتوں کی خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔