اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)میپکو کی غفلت، گنجان آباد علاقے میں موت کے سائے منڈلانے لگے
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے گنجان آباد علاقےالشمس مارکیٹ میں نصب غیر محفوظ ٹرانسفارمر نے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میپکو کے ایس ڈی او اور عملے کی لاپرواہی کے باعث یہ علاقہ کسی بھی وقت خوفناک حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹرانسفارمر کے گرد تاروں کا جال کسی بھی وقت چنگاریوں کا سبب بن سکتا ہے اور یہ چنگاریاں قریبی املاک، دکانوں اور انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ خاص طور پر جس ٹرالی پر ٹرانسفارمر رکھا گیا ہے، اس کے اوپر دکان کے ساتھ کوندر اور تنکوں سے بنایا گیا چھپر موجود ہے۔ اگر اس چھپر تک آگ کی ایک چنگاری پہنچ گئی تو پلک جھپکتے ہی سب کچھ خاک بن جائے گا اور اس علاقے میں بڑی تباہی کا خدشہ ہے۔

الشمس مارکیٹ میں میپکو نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانسفارمر کی ٹرالی موبائل فون مارکیٹ کے راستے پر کھڑی کر دی ہے، جس سےشہریوں کوآمد ورفت میں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے ۔ اگر خدانخواستہ یہاں کسی قسم کا حادثہ رونما ہوا تو بہت زیادہ انسانی جانوں کےنقصان کا اندیشہ ہے۔

بازار کے تاجروں نے شکایت کی ہے کہ اس صورتحال نے نہ صرف ان کے کاروبار کو متاثر کیا ہے بلکہ وہ مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مقامی افراد نے بارہا میپکو کے ذمہ داران کو خطرے سے آگاہ کیا لیکن مسئلے کے حل کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ ٹرانسفارمر کے اکثر سپارک ہونے کے واقعات کے بعد بھی میپکو حکام کی خاموشی ان کی غفلت کو ظاہر کرتی ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں، میپکو کے ایس ڈی او اور متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی کریں اور علاقے میں ٹرانسفارمر کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ کیا عوام کی حفاظت کے لیے ذمہ دار ادارے ہی اب ان کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں؟ حکومت اور متعلقہ حکام کو اس سوال کا فوری جواب دینا ہوگا تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔









