تنگوانی، باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے قریب پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا
تفصیلات کے مطابق ضلع کشمور کے علاقے مرید شاخ کے گاؤں حاجی غلام حیدر دستی کے رہائشی نوجوان بادل دستی جو پیدل حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 15 دسمبر کو اپنے گاؤں سے روانہ ہوئے تھے کو تنگوانی کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔
نوجوان بادل دستی نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا کہ پیدل حج کی نیت سے سفر کا آغاز کیا تھا مگر گزشتہ روز تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے مجھ پر حملہ کر کے میرے پاس موجود 15 ہزار روپے چھین لیے اور فرار ہو گئے۔
بادل دستی نے بتایا کہ حج کے سفر کے لیے میرے پاس محدود وسائل تھے، اس لیے زیادہ رقم ساتھ نہیں لے جا رہا تھا۔ میں نے منصوبہ بنایا تھا کہ کوئٹہ پہنچنے کے بعد اپنے بھائی سے مزید رقم لے کر سفر جاری رکھوں گا۔ میرا ارادہ ہے کہ کوئٹہ سے تفتان کے راستے ایران پھر عراق اور کویت یا دبئی کے راستے سعودی عرب پہنچوں تاکہ حج کی سعادت حاصل کر سکوں۔
نوجوان نے مزید کہا کہ حج ہر مسلمان کی دلی خواہش ہے، لیکن میرے پاس اتنے وسائل نہیں کہ میں عام سفری ذرائع سے جا سکوں، اس لیے پیدل روانہ ہوا۔ میرے والدین کا انتقال ہو چکا ہے اگر وہ زندہ ہوتے تو میں ان کی خدمت کر کے بھی حج کا ثواب حاصل کرتا۔ ڈاکوؤں کی واردات کے باوجود میرا عزم برقرار ہے اور میں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔
عوام نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور نوجوان کی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنی نیت کو عملی جامہ پہنا سکے۔