تنگوانی: چوری شدہ موٹر سائیکل کی برآمدگی میں تاخیر، متاثرہ شہری کا احتجاج

تنگوانی، باغی ٹی وی (نامہ نگار: منصور بلوچ)تنگوانی بازار میں ایک ماہ قبل چوری ہونے والا موٹر سائیکل واپس نہ ملا، متاثرہ شہری کا احتجاج

تنگوانی کے مین بازار میں ایک ماہ قبل شاہین بیکری کے سامنے سے عابد علی گجرانی کی موٹر سائیکل نامعلوم چور لے کر فرار ہو گئے تھے۔ تنگوانی پولیس کی مبینہ غفلت اور ٹال مٹول کے باعث ایک ماہ گزرنے کے باوجود متاثرہ شہری کو موٹر سائیکل واپس نہیں ملا، جس پر عابد علی نے احتجاج کیا۔

عابد علی گجرانی نے صحافیوں کو بتایا کہ میری موٹر سائیکل شاہین بیکری کے سامنے سے، جو تنگوانی کے بیچ بازار میں واقع ہے، نامعلوم چور چابی لگا کر لے گئے تھے۔ اس واقعے کی رپورٹ فوری طور پر تھانہ تنگوانی میں درج کروائی گئی تھی مگر پولیس نے صرف تسلیاں دے کر ایک ماہ گزار دیا اور کوئی کارروائی نہیں کی۔

متاثرہ شہری نے پولیس پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ تنگوانی پولیس جان بوجھ کر معاملے کو لٹکا رہی ہے اور اب تک میری موٹر سائیکل برآمد نہیں کی گئی۔ عابد علی گجرانی نے خبردار کیا کہ اگر موٹر سائیکل واپس نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کو مزید وسیع کرتے ہوئے تھانے کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے۔

عوامی حلقوں نے پولیس کی نااہلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کر کے متاثرہ شہری کی موٹر سائیکل برآمد کی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Comments are closed.