کوئٹہ(باغی ٹی وی رپورٹ) گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس سپلائی معطل
کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس پر دھماکا خیز مواد کے ذریعے گیس پائپ لائن کو اڑانے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ بروری تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں پل کے نیچے سے گزرنے والی 18 انچ قطر کی مین گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد آگ کے شعلے آسمان کو چھونے لگے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
ایس ایچ او بروری محمود خروٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بالائی بلوچستان کے مختلف علاقے بشمول کچلاک، زیارت، بوستان اور پشین جبکہ کوئٹہ شہر کے علاقوں جناح ٹاؤن، نواکلی اور ہزار گنجی گیس کی فراہمی سے محروم ہوگئے ہیں۔
گیس کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور صارفین کو پیش آنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔