ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) فیصل موورز وین کی ٹکر، بزرگ جاں بحق، خاتون زخمی
تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پل غازی گھاٹ پر فیصل موورز کی وین نے راہ چلتے دو افراد کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ریسکیو کنٹرول روم کو دی گئی، جس پر فوری طور پر قریبی ایمبولینس اور پولیس کو روانہ کیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق 80 سالہ محبوب ولد دریا خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ان کے جسم پر سر کی شدید چوٹیں اور متعدد فریکچر تھے۔ دوسری جانب 60 سالہ مریم بی بی زوجہ فیاض شدید زخمی ہوگئی، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب وین ڈیرہ غازی خان سے ملتان جا رہی تھی۔ جاں بحق محبوب کی میت کو پولیس کی نگرانی میں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایمبولینس سات منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ حادثے کی مزید تحقیقات پولیس کر رہی ہے تاکہ واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔