لاہور پر یس کلب کے سالانہ انتخابات2025 ءلاہور پریس کلب میں منعقد ہوئے۔ انتخابات میں جرنلسٹ پروگریسوالائنس کے امیدواران نے شاندار کامیابی حاصل کی اورارشد انصاری1108 ووٹ لیکر13 ویں بار لاہور پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے، انکے مدمقابل امیدواران بابر ڈوگر نے818 اور احسن ضیاءنے 26 ووٹ حاصل کئے ۔

انتخابات میں حتمی نتائج کے مطابق سینئرنائب صدرکی سیٹ پر افضال طالب ، نائب صدرصائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز جبکہ گورننگ باڈی میں مدثر شیخ، سید بدر سعید، خواجہ سرمد فرخ، رانا شہزاد، شاہدہ بٹ، محبوب چوہدری، شاکر محمود اعوان، اسد محمود گڈو اور الفت حسین مغل نے کامیابی حاصل کی ۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی شفیق اعوان،ممبران کمیٹی میاں حبیب ، نعیم اقبال ، مبشر بخاری ، میاں شاہد اور ارسلان بھٹی نے الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا۔

نومنتخب صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہا کہ آج انتخابات کا عمل مکمل ہوگیاہے جس میں کوئی بھی نہیں ہارا ، انتخابات میں حصہ لینے والے تمام صحافی ہمارے دوست ہیں اور سب انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہم صحافی کمیونٹی کی خدمت کا جذبہ لیکرآئے ہیں اور ماضی کی طرح ان کی خدمت میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں گے ۔جرنلسٹ پروگریسو الائنس کے قائدین اور تمام سپورٹر ز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ الائنس کی مشترکہ شاندار کامیا بی ہے۔انھوں نے الیکشن کمیٹی اور کلب سٹاف کو پر امن اور مثالی الیکشن کے انعقاد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اپنے تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے الیکشن کو پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری زاہد عابد نے تمام ممبران اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کلب سٹاف کیلئے آدھی سیلری الیکشن بونس اور دو چھٹیوں کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے لاہور پریس کلب کی نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے ارشد انصاری کو صدر، زاہد عابد کو سیکریٹری، افضال طالب کو سینئر نائب صدر، صائمہ نواز کو نائب صدر، عمران شیخ کو جوائنٹ سیکریٹری اور سالک نواز کو فنانس سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔عطاءاللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے لاہور پریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی کے ارکان کو بھی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافیوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے اور ان کی فلاح کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی صحافی برادری نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری روایات کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے اور اس ادارے نے ہمیشہ عوام کے مسائل ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔عطاءاللہ تارڑ نے حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ امید ہے کہ نئی قیادت اپنے منصب پر رہ کر صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کوششیں کرے گی اور میڈیا کے میدان میں مزید بہتری لانے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔

Shares: