ڈسکہ، باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک عمران)یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق نوجوان عبداللہ کی میت گاؤں کوریکی پہنچ گئی
تفصیل کے مطابق یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے نوجوان عبداللہ کی میت حادثے کے 19 روز بعد ڈسکہ کے گاؤں کوریکی پہنچا دی گئی، جہاں غم کا سماں چھا گیا۔ اہل خانہ اور علاقے کے لوگ صدمے سے نڈھال ہیں۔
عبداللہ کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی آہ و بکا سے ماحول سوگوار ہو گیا۔ نماز جنازہ کے بعد عبداللہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
علاقے کی سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے عبداللہ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی پاکستانیوں کی لاشوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
3 لاشوں کی شناخت نارووال کے شبیر، زین علی اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 1 لاش کی شناخت سیالکوٹ کے اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ لاشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جس کے بعد پاکستانی سفارت خانہ لاشوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے۔یہ لاشیں پاکستان لانے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق کشتی حادثے میں اب بھی 40 پاکستانیوں کی لاشیں لاپتہ ہیں۔یہ حادثہ 13 اور 14 دسمبر کی درمیانی شب پیش آیا تھا جس میں 44 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا۔
کشتی لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔