اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)فتح جنگ حادثہ، فیصل موورز کی غفلت سے قیمتی جانیں ضائع، متاثرین پر دباؤ اور دھمکیاں
تفصیل کے مطابق گذشتہ ہفتے فیصل موورز کی ایک بس فتح جنگ کے قریب ڈرائیور کی غفلت کے باعث المناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ متاثرین میں شامل محمد عزیر، جن کی اہلیہ حادثے میں جاں بحق ہوئیں اور معصوم بیٹی زخمی ہوئی، نے اپنی داستان صحافیوں کے سامنے بیان کی۔
محمد عزیر نے بتایا کہ بہاولپور سے اسلام آباد جانے والی بس ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی، جس نے کئی خاندانوں کو اجاڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد بھی فیصل موورز کمپنی متاثرین پر دباؤ ڈال رہی ہے اور انشورنس کلیم کے حصول کے لیے زبردستی صلح نامے پر دستخط کرنے کو مجبور کیا جا رہا ہے۔ صلح سے انکار کرنے والے متاثرین کو دھمکایا جا رہا ہے، جس سے ان کے دکھ اور پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
عزیر نے انکشاف کیا کہ فیصل موورز کمپنی اپنی لیبر سے غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہوئے سولہ گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی کرواتی ہے، جس کی وجہ سے ڈرائیور مناسب آرام سے محروم رہتے ہیں اور غفلت کے باعث ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسوں میں حفاظتی تدابیر کی شدید کمی ہے، خاص طور پر سیٹ بیلٹس کی عدم موجودگی، جو حادثات کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع کا ایک بڑا سبب ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصل موورز کمپنی پر فوری پابندی عائد کی جائے اور جب تک کمپنی اپنی بسوں میں بنیادی حفاظتی اقدامات یقینی نہیں بناتی، ان کی سروس کو مکمل طور پر معطل کیا جائے۔ عزیر نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ سے اپیل کی کہ کمپنی کے خلاف انسانی جانوں کے ضیاع کا مقدمہ درج کر کے سخت کارروائی کی جائے۔
عزیر نے زور دیا کہ بسوں میں سیٹ بیلٹس کی تنصیب اور ڈرائیورز کے لیے مناسب آرام کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔