کراچی: پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک خوشی کی خبر سامنے آئی ہے کہ 2025 میں ورلڈ سکواش چیمپئن شپ کی میزبانی پھر سے پاکستان کے حصے میں آئی ہے۔ اس مرتبہ یہ عالمی سطح کا ایونٹ انڈر 23 ورلڈ سکواش چیمپئن شپ کی صورت میں منعقد ہوگا، جس کا میدان 2025 میں پاکستان میں سجے گا۔
اس اہم ایونٹ کی پری لانچنگ کی تقریب کراچی میں منعقد کی گئی، جس میں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر کراچی نے بھی خطاب کیا اور حاضرین کو یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔پری لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ اس عالمی چیمپئن شپ کے پاکستان میں انعقاد کا سہرا پاکستان سکواش فیڈریشن، سندھ سکواش فیڈریشن اور ڈی ایچ اے کراچی کے سر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے کھیلوں کی دنیا میں ایک نیا اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت سندھ اس چیمپئن شپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت ہمیشہ کی طرح کھیلوں کے میدان میں اپنی بھرپور حمایت اور وسائل فراہم کرتی رہے گی تاکہ پاکستان میں کھیلوں کا معیار مزید بلند ہو سکے۔
پری لانچنگ تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اس ایونٹ کی پذیرائی کی۔ تقریب میں شریک افراد نے اس اقدام کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک عظیم مقصد قرار دیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ عالمی سطح کی یہ چیمپئن شپ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔یہ چیمپئن شپ پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی اور اس سے نہ صرف پاکستان میں سکواش کے کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی کھیلوں کی شناخت بھی مزید مستحکم ہو گی۔
جمائما جنوبی افریقا میں پہاڑی سے گر کر زخمی
سیالکوٹ: یونان کشتی حادثہ ،عبداللہ اور قاسم کے خاندانوں سے سیدہ نوشین افتخار کی تعزیت








