اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام لاء کالج میں کتاب میلے کا انعقاد کیا گیا جہاں پنجاب کے روایتی کھانوں کے علاوہ دیگر اشیاء کے سٹالز لگائے گئے جن میں طلبہ وطالبات نے غیر معمولی دلچپسی کا اظہار کیا ۔
جمعیت جامعہ پنجاب کی خصوصی دعوت پر ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عدنان لودھی نے نومنتخب کابینہ اور ممبران کے ہمراہ کتاب میلے کا دورہ کیا اور ناظم جامعہ پنجاب انعام الرحمان گجر سے ملاقات کی ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناظم جامعہ پنجاب انعام الرحمان گجر کا کہنا تھا کہ جنوری 2025 میں اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی میں سالانہ پائینر فیسٹیول کا انعقاد کرے گی جسمیں نیلام گھر ، کتاب میلہ ، کھانے پینے کے سٹال ، مقابلہ بیت بازی سمیت دیگر علمی و ادبی پروگرامات ہوں گے جسمیں ہزاروں طلبہ و طالبات براہ راست شرکت کریں گے ۔
ناظم جامعہ نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو بتایا کہ جمعیت پنجاب یونیورسٹی میں پرامن ماحول میں تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں پچھلے 75 سالوں سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے ۔ مہنگائی اور فیسوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے تعلیم جیسی بنیادی ضرورت کو بھی مشکل بنا دیا ہے ۔ پنجاب میں ایک کڑور ستر سال بچے سکول نہیں جاتے جنکو سکول ہونا چاہیے ۔ یونیورسٹیز میں بھی تعلیم آئے روز مہنگی کی جارہی ہے ۔ حکومت پنجاب کے تعلیمی اداروں کو ٹھیکے پر دینا چاہتی ہے تاکہ تعلیم جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی سے جان چھرائی جاسکے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ مہنگی تعلیم کے خلاف بڑی تحریک چلائے گی تاکہ تعلیم سب کے لیے کا نعرہ عملی جامع پہن سکے ۔ ضرورت اس امر کی ہے تعلیمی اداروں میں ریسرچ کے کلچر کو عام کیا جائے ۔ نئی تحقیق کے لیے فنڈز رکھے جائیں لیکن سیاسی قیادتوں کا سارا زور سیاست پر ہے ۔ شعبہ تعلیم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس سے معیار تعلیم دگرگوں ہے ۔ ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن کے صدر عدنان لودھی کو طلبہ عدالت کا بھی وزٹ کروایا گیا جہاں طلبہ وطالبات کو مذاکرہ کرتے براہ راست دیکھ کر صحافیوں نے خوب سراہا ۔
بعدازاں مرکزی ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف کی زیرصدارت ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جہاں صحافیوں سے تعلیم سمیت دیگر دلچسپی کے موضوعات پر طویل نشست بھی ہوئی.








