ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران) تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، 1632 اسکوائر فٹ اراضی واگذار
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر ضلع کونسل اور تحصیل ایڈمنسٹریشن ڈسکہ نے تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے۔ فوارہ چوک ڈسکہ میں تجاوزات کی زد میں آنے والی دکانوں اور تھڑوں کو گرا کر 1632 اسکوائر فٹ اراضی واگذار کرلی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق نے بتایا کہ ڈسکہ میں عارضی اور مستقل تجاوزات کے خلاف ایک جامع مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ فوارہ چوک کے اردگرد 1632 اسکوائر فٹ اراضی کے علاوہ، ڈسکہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں 2 کنال 10 مرلے اراضی بھی تجاوزات مافیا سے واگذار کرائی گئی ہے۔
چیف آفیسر ضلع کونسل فدا میر کی نگرانی میں وزیر آباد روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں اڈہ ساہوالہ میں روڈ کے اطراف میں قائم درجنوں ٹینٹ اور ٹین شاپس کو گرا کر روڈ کو کلیئر کرلیا گیا۔ یہ آپریشن وزیر آباد روڈ پر تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
انتظامیہ نے دکانداروں اور تجاوزات کنندگان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی تجاوزات خود ہٹا لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف مسماری کارروائی کی جائے گی اور مقدمات کے ساتھ جرمانے بھی کیے جائیں گے۔