لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) خیبر کی تحصیل جمرود میں پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ناکہ بندی کی گئی۔ ایس ایچ او جمرود شاہ خالد کی خفیہ اطلاع پر انچارج بھگیاری گلاب شیر اور دیگر پولیس نفری نے دورانِ چیکنگ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران 8 کلاشنکوف، ان کے میگزین، ایک پستول اور اس کا میگزین برآمد کیا گیا۔ ملزمان کی شناخت سید خان ساکن اکاخیل اور شاکر ساکن شاکش کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔