سرائیکی ادب کے پروفیسر ڈاکٹر الطاف ڈاھر کو باغی ٹی وی کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) سرائیکی زبان و ادب کے معروف استاد، محقق، نقاد، اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، جو گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب، کینٹ احمد پور شرقیہ کے شعبہ سرائیکی کے صدر ہیں، کو باغی ٹی وی کی 13ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار خدمات کے اعتراف میں ستائشی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز 12 جنوری کو باغی ٹی وی کی 13ویں سالگرہ کے تاریخی دن پر سرائیکی تہذیب و تمدن، ادب، تصوف، تاریخ، ثقافت، اور رسم و رواج کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی کو یہ اعزاز احمد پور شرقیہ کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے کسی قیمتی اثاثے سے کم نہیں سمجھا جا رہا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقے کی خوبصورت روایات اور تہذیب کو اپنی مادری زبان میں پیش کرنا ایک اعلیٰ اور بامعنی حکمتِ عملی ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے علم و ادب کی اعلیٰ منازل حاصل کریں اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر الطاف ڈاھر نے تعلیم و تربیت کو قوم کی ترقی کا مرکزی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کی گئی علمی و ادبی خدمت معاشرتی بہتری کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

یہ اعزاز نہ صرف سرائیکی وسیب کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت اور زبان کی ترویج میں لگن اور محنت کی ترغیب بھی دیتا ہے۔

Comments are closed.