کراچی: حکومت سندھ نے بیکار اور غیر ضروری سرکاری گاڑیوں کو ایک ماہ کے اندر نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وسائل کا ضیاع روکا جا سکے اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے فنڈز حاصل کیے جا سکیں۔
اس حوالے سے سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا ایک اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کی۔اجلاس میں صوبائی وزراء سعید غنی، ضیا الحسن لنجار، علی حسن زرداری اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی ممبران نے سرکاری گاڑیوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے واضح گائیڈ لائنز وضع کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بیکار گاڑیوں کی نیلامی کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا تاکہ مزید وسائل کا ضیاع نہ ہو اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے درکار فنڈز حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ای وی (الیکٹرک وہیکلز) گاڑیوں کی خریداری حکومت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی، کیونکہ اس سے پیٹرول اور ڈیزل کے اخراجات میں کمی آئے گی اور ان گاڑیوں کی نیلامی بھی زیادہ آسان ہوگی۔شرجیل انعام میمن نے سرکاری گاڑیوں کے غیر مجاز استعمال پر سختی سے تنقید کی اور کہا کہ حکومتی احکامات کے تحت گاڑیاں فوری طور پر واپس کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر تعلیم سعید غنی نے بیکار گاڑیوں کی بروقت نیلامی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غیر ضروری اخراجات میں کمی لائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اضافی گاڑیاں واپس کر دیں تاکہ ان گاڑیوں کو نیلام کیا جا سکے اور ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم نئی گاڑیوں کی خریداری میں استعمال ہو سکے۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے پیسوں کا ضیاع نہ ہو اور تمام محکمے اپنی ضرورت کے مطابق گاڑیاں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی سختی سے تعمیل کی جائے گی اور تمام محکمے تیزی سے اس عمل میں تعاون کریں گے۔
علی حسن زرداری نے کہا کہ ای وی گاڑیاں خریدنے سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی بچت ہوگی بلکہ یہ ماحول دوست بھی ہیں اور ان کی نیلامی میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں مکمل طور پر شفاف نیلامی کو یقینی بنائے گی۔
انیل مسرت،صاحبزادہ جہانگیر کو پی ٹی آئی پروگرام میں نہ گھسنے دیا گیا،صحافیوں پر بھی پابندی
بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش، سیف علی خان زخمی








