ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں قرآن و سنہ موومنٹ کی طرف سے مرکز نور الہدی میں ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین علامہ ابتسام الہی ظہیر نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قرآن اور اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1947 میں اس مقصد کے لیے آزاد ہوا کہ یہاں اسلام کا جھنڈا بلند ہو اور اللہ کے نبی کا قانون نافذ ہو۔ آج ہم مسلمان کافر کے ظلم کا شکار ہیں کیونکہ ہم اپنے مقصد کو بھول چکے ہیں۔
علامہ ابتسام الہی ظہیر نے مزید کہا کہ جب ہم قرآن اور سنت کے مطابق زندگی گزاریں گے، تو ملک کی خوشحالی اور ترقی ہمارا مقدر بنے گی۔
کنونشن کے دوران ضلع ننکانہ صاحب کی ممبر سازی بھی کی گئی۔ مولانا عمران ناصر کو ضلع ننکانہ صاحب کا سرپرست اعلی، حافظ حسان جبار کو چیف آرگنائزر، اور پیر عارف نواز شاہ کو قرآن و سنہ موومنٹ کا صدر مقرر کیا گیا۔ چیئرمین حافظ ملک زکریا اور جنرل سیکرٹری پیر مدثر شاہ نے نوٹیفکیشن جاری کیے۔
پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کے لیے مرکز نور الہدی کی جانب سے بہترین کھانے کا انتظام کیا گیا۔