اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان، محمد شہباز شریف نے حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین اور دیگر متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں حج فنڈ پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس پر کام حتمی مراحل میں پہنچ چکا ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2025 کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ "حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی اور ہم اپنے حجاج کرام کو بہترین سہولتیں اور معاونت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔”اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حجاج کی معاونت کے لیے حج موبائل ایپلیکیشن بھی فعال کی گئی ہے تاکہ حج کے دوران انہیں آسانی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ "حج 2025 کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کی جائے جس میں معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ان کی ذمہ داریوں اور دیگر انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی جائے ۔” وزیرِ اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حجاج کرام کو تربیت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ انہیں حج کے دوران کوئی مشکل پیش نہ آئے۔وزیرِ اعظم نے حج ڈیوٹی پر تعینات افسران کی اچھی شہرت کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ "حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں، حکومت کی جانب سے ان کی خدمت و معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی۔” وزیرِ اعظم نے کہا کہ "حجاج کرام کی رہائش، سفری اور دیگر سہولتوں کا خاص خیال رکھا جائے گا اور معاونین کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔”

وزیرِ اعظم نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ حج 2025 کی تیاریوں کے ہر پہلو کو بھرپور توجہ سے مکمل کیا جائے تاکہ پاکستانی حجاج کرام کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

نواز شریف کا عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار

سپریم کورٹ،انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیس، پی ٹی آئی وکیل کو تیاری کیلئے وقت مل گیا

Shares: