لاہور (اعجازالحق عثمانی سے) لائیوسٹاک ایمپلائز ایسوسی ایشن پنجاب کی تقریبِ حلف برداری لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ملک بھر سے مرکزی اور صوبائی عہدیداران نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر منسٹر لائیوسٹاک پنجاب کے بھائی، سید رضا حیدر کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ڈاکٹر محمد زبیر، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن محمد انور، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر محمد یوسف، ڈائریکٹر لاہور ڈویژن ڈاکٹر کنور نعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن ڈاکٹر راحت، ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر عطیہ بخاری، اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

تقریب میں ایپکا پنجاب کے صدر ضیاء اللہ خان نیازی، سینئر نائب صدر مہر محمد یٰسین، ایپکا لائیوسٹاک پنجاب کے صدر عامر دلشاد بٹ، اور دیگر سابق صدور و عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ خیبر پختونخواہ، بلوچستان، اور آزاد کشمیر کے نمائندگان نے بھی اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی۔

نو منتخب جنرل سیکرٹری ملک انوارالحق اعوان نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور محکمہ کی ترقی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ صدر لائیوسٹاک ایمپلائز ایسوسی ایشن پنجاب سردار مقبول حسین ڈوگر نے تقریب کے دوران چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا اور ملازمین کے مسائل اجاگر کیے۔

ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد اشرف نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور پیراویٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں شرکاء نے نئی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلوص اور عزم کو سراہا.

Shares: