سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی ہدایت پر اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن و ویلفئیر بیورو نے ضلع کچہری میں ایک بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے بھیک مانگنے والے بچوں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
اس آپریشن میں ضلعی پولیس، سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد بچوں کو بچایا گیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، پیشہ ور بھکاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ اور سیکرٹری افضال اسلم نے ضلع کچہری میں بھکاریوں کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور وہ اس طرح کے آپریشنز میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔








