کراچی (باغی ٹی وی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریوینیو کے ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فی الحال سیلز سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے کے بعد بھی شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلز سرٹیفکیٹ اور ای رجسٹریشن کے لیے ون ونڈو سسٹم متعارف کرایا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے اہم ہدایات دیں کہ کہ آن لائن سسٹم کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ عام شہری آسانی سے اپنا کام کروا سکیں۔بائیومیٹرک عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ درخواست گزار کو ایک ہی وزٹ میں تمام کام مکمل ہو سکے اور ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے تاکہ شفافیت اور مؤثر حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ نے ریونیو ایکٹ میں ضروری ترامیم کیلئے سمری طلب کرلی ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ایک دیہی اور ایک شہری دیہات کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ "ہماری حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ کرپشن میں بھی کمی آئے گی۔








