ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی) نے انسانی سمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ایک اہم انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔

یہ کارروائی ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات اور ڈی جی خان کے مظفرگڑھ میں مشترکہ طور پر کی گئی، جس کے دوران گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت عدیل احمد کے نام سے ہوئی ہے۔گرفتار ملزم عدیل احمد کا تعلق انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم گروہ سے تھا، جو غیر قانونی طور پر افراد کو غیر محفوظ راستوں سے مختلف ممالک بھیجنے کی کوشش کرتا تھا۔ ملزم کو مظفرگڑھ میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ عدیل احمد ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات کی فہرست میں مطلوب تھا اور اس پر مراکش میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ملزم اور اس کے ساتھیوں نے متاثرہ شخص، ریحان اسلم، کو اسپین پہنچانے کے لیے 40 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔ متاثرہ کے اہل خانہ نے رقم گرفتار ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی تھی۔ ان ملزمان نے ریحان اسلم کو پہلے پاکستان سے دبئی بھجوایا، پھر دبئی سے ایتھوپیا اور سینیگال کے ذریعے موریطانیہ تک پہنچایا، جہاں سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ تاہم، اس کشتی حادثے میں ریحان اسلم کی موت واقع ہوگئی۔

گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کی ٹیمیں اس معاملے میں متاثرہ کے لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کیس کی مزید تفصیلات کو سامنے لایا جا سکے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور ان افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔”عبدالقادر قمر نے مزید کہا کہ کشتی حادثات میں ملوث انسانی سمگلروں کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ایف آئی اے کی کوشش ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورک کو ختم کیا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے کی ٹیمیں دنیا بھر میں اپنے روابط کو مزید مستحکم کر رہی ہیں تاکہ غیر قانونی اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا سکیں۔یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی عزم کا اظہار ہے اور اس بات کو واضح کرتی ہے کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسی بھی فرد کو بخشا نہیں جائے گا۔

تصاویر:برطانیہ اور آئرلینڈ میں طوفان ایووین کی تباہی، نظام زندگی درہم برہم

سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیموں کے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا

Shares: