لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)شاہ خان کی شاندار کامیابی، 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں 4 گولڈ میڈلز

تفصیل کے مطابق لاہور میں ہونے والی 60ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے شاہ خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گولڈ میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔ ان کی اس تاریخی کامیابی پر ضلع خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شنواری اور کابینہ ممبران نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شاہ خان کی غیر معمولی کارکردگی پر قومی سطح پر انعام دیا جائے تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں ٹیبل ٹینس کو فروغ دینے کے لیے حکومتی سرپرستی ناگزیر ہے، تاکہ نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام مزید بلند کر سکیں۔

نصیب شاہ شنواری نے نشاندہی کی کہ پشتون بیلٹ کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن مناسب سہولیات کی کمی کی وجہ سے وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ نہیں کر پاتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل میں انڈور جمنازیم اور جدید اسپورٹس فیسیلیٹی تعمیر کی جائے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آ سکیں اور وہ ملک و قوم کا نام مزید روشن کر سکیں۔

Shares: