جمرود (باغی ٹی وی) ضلع خیبر کے تحصیل جمرود جرگہ ہال میں آئی سی آر سی (ICRC) اور پی آئی پی او ایس (PIPOS) کے تعاون سے خصوصی افراد کے لیے تقریب منعقد کی گئی، جس میں انہیں مصنوعی اعضاء اور ویل چیئرز فراہم کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد راؤ تھے، جبکہ دیگر شریک شخصیات میں آئی سی آر سی کی زرتاشہ قیصر خان، پی آئی پی او ایس کے نمائندے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبید، اے سی جمرود عامر زیب، خیبر اسپیشل پرسن ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر حضرت اللہ، ڈی ایچ او خیبر فیصل کمال، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال احتشام، تحصیل چیئرمین عظمت آفریدی اور دیگر معززین شامل تھے۔

پچاس ویل چیئرز تقسیم کی گئیں اور بیس خصوصی افراد کو مصنوعی اعضاء لگائے گئے، جن سے وہ اب چلنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خیبر نے خصوصی افراد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

تقریب میں خصوصی افراد کو درپیش دیگر مسائل بھی اجاگر کیے گئے، جن میں سرکاری محکموں میں کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونا اور سوشل ویلفیئر خیبر کے مستقل دفتر کی عدم موجودگی شامل تھے۔ شرکاء نے حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی تاکہ خصوصی افراد کے مسائل حل کیے جا سکیں۔

Shares: