شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن 29 اور 30 جنوری کی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور کامیابی سے چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس بہادری کے دوران میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نسیم نے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔میجر حمزہ اسرار اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے اور ان کی قربانی اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ سپاہی محمد نسیم بھی اس آپریشن میں شامل تھے اور انہوں نے دشمن کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے۔
29سالہ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی سے ہے.میجر حمزہ اسرار اپنے دستوں کی قیادت کر رہے تھے. 26سالہ سپاہی محمد نعیم کا تعلق نصیر آباد ہے.دھرتی کے سپوتوں نے بہادری سے لڑے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا. میجر حمزہ اسرار شہید نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا.میجر حمزہ اسرار شہید کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی.میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے.26سالہ سپاہی محمد نعیم شہیدضلع نصیر آباد کے رہائشی ہیں.سپاہی محمد نعیم شہید نے6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کادفاع کیا.سپاہی محمد نعیم شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے .
صدر مملکت، وزیراعظم کا شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کاروائی پر اظہارِ تحسین
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 6 دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا، جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف اس کارروائی میں شہادت پانے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس غمگین موقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔” وزیراعظم نے مزید کہا کہ "ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔” انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
اسی طرح، صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ "فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی بہادری قابلِ ستائش ہے۔” انہوں نے شہداء میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔” صدر مملکت نے دونوں شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ افسوس کیا اور انہیں صبر کی دعا دی۔صدر نے یہ بھی کہا کہ "دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ہمارا عزم غیر متزلزل ہے کہ ہم اپنے وطن کو ان دہشت گردوں سے پاک کریں گے۔”اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انتہائی بہادری اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیا، اور یہ کامیابی ملک کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم قدم ثابت ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور اس میں سیکیورٹی فورسز کا کردار کلیدی حیثیت رکھے گا۔
سیاچن کی بلند ترین چوٹیوں پر پاک فوج کا عزم و حوصلہ
واشنگٹن طیارہ حادثہ،لواحقین ایئر پورٹ پہنچ گئے،دل دہلا دینے والی تفصیلات