ممبئی: بالی وڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر نے سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے فلمی ڈیبیو کی تصدیق کردی۔
باغی ٹی وی: ابراہیم علی خان کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے کافی خبریں سرگرم تھیں جن کی تصدیق بلآخر کرن جوہر نے کردی، کرن جوہر نے یہ تصدیق سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے کی جس میں انہوں نے امریتا سنگھ اور سیف علی خان سے اپنے تعلقات کے حوالے سے بھی بتایا۔
کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ابراہیم کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے امرتا سنگھ سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کیا، جو انہوں نے 12 سال کی عمر میں کی تھی، کرن نے امرتا کے حسن، انداز اور کیمرے پر گرفت کو سراہا اور ان کے ساتھ ایک یادگار چائنیز ڈنر اور جیمز بانڈ فلم دیکھنے کا بھی ذکر کیا۔
سیف علی خان سے پہلی ملاقات کے بارے میں مداحوں کو بتاتے ہوئے کرن نے کہا کہ جو خصوصیات سیف میں ہیں وہی خوبیاں ابراہیم میں بھی نظر آتی ہیں انہوں نے اس خاندان کے ساتھ اپنی 40 سالہ وابستگی پر فخر اور اس خاندان سے محبت کا اظہار کیا۔
ہدایت کار نے ابراہیم کے حوالے سے کہا کہ فلمیں ان کے خون میں موجود ہیں، ان کی جینز میں ہیں اور یہ ان کا جوش ہے تاہم کرن جوہر نے فلم کے حوالے سے کچھ خاص ذکر نہیں کیا اور صرف ابراہیم کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ٹیلنٹ کو سراہا۔
کرن جوہر کی اس پوسٹ پر معروف اسٹارز کی جانب سے ابراہیم کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سیف علی خان کے مداح بھی بیٹے کی فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے تبصرے کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ابراہیم اپنی پہلی فلم ’سرزمین‘ میں جلوہ گر ہوں گے جو دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جارہی ہے،فلم ’سرزمین‘ میں کاجول اور ساؤتھ انڈین اداکار پرتھوی راج سوکمارن بھی شامل ہوں گے ابراہیم نے اس سے قبل کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کیا تھا۔