ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں معمر شہری پر پولیس افسر کے تشدد کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب سے فوری طور پر اس واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور پولیس کو کسی بھی صورت میں تشدد کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو شہریوں کے ساتھ عزت و احترام کا سلوک اپنانا چاہیے، کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور حفاظت ہے، نہ کہ ان کے حقوق کی خلاف ورزی کرنا۔مریم نواز شریف نے اس موقع پر ملتان میں تشدد کرنے والے پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی عزت و توقیر ہونی چاہیے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ عام آدمی کی عزت اور حقوق کی پامالی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے اپنے ہر شہری کی عزت نفس کا مکمل احساس ہے اور میں کسی کو بھی عام آدمی پر ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔”
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تشدد کی فوٹیج دیکھ کر انہیں شدید تکلیف پہنچی ہے اور انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات میں مکمل شفافیت اور جلدی کا حکم دیا ہے تاکہ انصاف مل سکے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پولیس کا کام صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اور عوام کی خدمت کرنا ہے، اور کسی بھی صورت میں شہریوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کرکٹ ٹیم کے پروٹوکول کے دوران موٹرسائیکل سوار بزرگ شہری کے گزرنے پر ایس ایچ او شفیق احمد آپے سے باہر ہوگئے۔ انہوں نے بزرگ شہری کو زبردستی چلتی موٹرسائیکل سے اتارا اور سڑک پر گھسیٹ کر تھپڑوں کی بارش کردی۔بزرگ شہری کی معافی کے باوجود پولیس افسر کا رویہ نہ بدلا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا، جبکہ آر پی او نے سی پی او ملتان کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔
پاکستان کے نامور ادیبوں، شاعروں،کالم نگاروں کی یادگار تصویر وائرل
10مئی احتجاج، پی ٹی آئی کے 10 کارکنان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے سزا معطل