لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل الیکٹرک (ای وی) بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ای وی بس میں سفر کیا اور اس کی تفصیلی جانچ پڑتال بھی کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای وی بس کی خصوصیات اور جدید سہولتوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای وی بس میں جدید ترین سہولتیں موجود ہیں جن میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر، وائی فائی، یو پی ایس پورٹ، اور دیگر اہم فیچرز شامل ہیں۔ اس بس میں 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ خصوصی افراد کے لیے بس میں ریمپ اور مخصوص نشستیں بھی مختص کی گئی ہیں تاکہ وہ بھی آرام سے سفر کر سکیں۔اس کے علاوہ، مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بس کے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ لگائی گئی ہے تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو۔ ای وی بس کے لیے 9 مخصوص چارجنگ سٹیشن بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ایک بار مکمل چارج ہونے پر بس 250 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔

ای وی بس میں خواتین کے لیے الگ فی میل سیکشن مختص کیا جائے گا، جبکہ ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے بس میں کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ لاہور کے سب سے طویل 21 کلومیٹر روٹ پر 27 ای وی بسیں چلائی جائیں گی، جو ریلوے اسٹیشن سے گرین ٹاؤن تک مختلف اہم راستوں سے گزریں گی۔ ای وی بس کی روزانہ سفر کرنے کی صلاحیت 17 ہزار مسافروں تک ہوگی۔ فروری کے وسط میں ریلوے اسٹیشن سے گرین ٹاؤن تک ای وی بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس روٹ پر 42 جدید ترین بس شیلٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، اور ہر 9 منٹ کے بعد بسیں آئیں گی۔

مسافروں کی سہولت کے لیے ایک مخصوص ایپ بھی متعارف کرائی جائے گی جس سے بس کی ٹریکنگ کی جا سکے گی۔ کرایہ کی ادائیگی ڈیجیٹل والٹ، ڈیجیٹل کارڈ یا یونیورسل ٹرانسپورٹ کارڈ کے ذریعے کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ، 70 ڈرائیورز کو سپیشل ٹریننگ دی جا رہی ہے تاکہ وہ ای وی بس کو بہترین طریقے سے چلانے کے قابل ہوں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بس سٹینڈز پر سولر فینز اور واٹر کولرز کی تنصیب کا جائزہ لیا اور اس کی تنصیب کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی، ہر بس سٹینڈ پر سیف سٹی کیمرے نصب کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس بھی ہوا جس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں ای ٹیکسی کی اسمبلنگ کے عمل کو شروع کیا جائے اور نجی اشتراک سے الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت دی۔

لنڈی کوتل: نجی ہسپتال میں نومولود کا مبینہ غلط آپریشن، والد کی انصاف کے لیے دُہائی

اراکین قومی اسمبلی کی موجیں، تنخواہوں میں اضافہ

Shares: