لاہور (باغی ٹی وی) تھانہ چونگ کے علاقے میں ایک ایمیگریشن وکیل کو اسلحے کے زور پر ہراساں کرنے، حبسِ بے جا میں رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ وکیل سید رحمان قادر شاہ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے ایمیگریشن لا کے شعبے سے وابستہ ہیں اور اپنے کلائنٹس کو لیگل سروسز فراہم کرتے ہیں۔ مورخہ 30 جنوری 2025 کو انہیں ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک دفتر میں لے جا کر حبسِ بے جا میں رکھا۔

ملزمان میں محسن علی، محمد وارث، عثمان شبیر، شاہد امین، محمد عمران، ارسلان علی، اظہر شاہ، اور سلمان منظور شامل ہیں۔ درخواست کے مطابق، متاثرہ کو دفتر میں زبردستی احسان خالق اور محمد علی گھر کی کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں ان پر معافی مانگنے کا دباؤ ڈالا گیا۔ انکار پر، احسان خالق نے ان کی کنپٹی پر پسٹل رکھ کر دھمکیاں دیں اور کہا کہ کاروبار بند کر دو ورنہ جان سے مار دیا جائے گا۔

متاثرہ وکیل نے مزید بتایا کہ ان کے والد کو فون پر دھمکیاں دی گئیں اور یقین دہانی کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ بعد ازاں، متاثرہ کو دفتر سے زبردستی نکال دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ میں دفعات 506-B، 148، 149، اور 342 شامل کی گئی ہیں۔ مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

عوام نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ شخص کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش جاری ہے اور جلد مزید پیشرفت کی جائے گی۔

Shares: