ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا پنجاب، خیبر پختونخواہ بارڈر کا ہنگامی دورہ، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سرحدی علاقے کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے خوارجی دہشتگردوں کے حملے کا نشانہ بننے والی چیک پوسٹ حضرت عمر فاروق (جھنگی)، چیک پوسٹ لکھانی اور ترمن کا تفصیلی معائنہ کیا۔

آر پی او نے چیک پوسٹ جھنگی پر تعینات جوانوں سے خصوصی ملاقات کی اور دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے اور چیک پوسٹ کا بہترین دفاع کرنے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے الرٹ ہونے کی وجہ سے خوارجی دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ آر پی او نے سرحدی چوکیوں کے سیکورٹی اقدامات، تعینات نفری، گاڑیوں، اسلحہ، ایمنیشن، مورچوں اور تھرمل ڈوم کیمروں کے ذریعے چیکنگ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔

آر پی او نے سرحدی چیک پوسٹوں کی عمارتوں، باؤنڈری وال اور مورچوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری تعمیراتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس دوران، انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے، ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ماک ایکسرسائزز کی مشق کرنے اور کیو آر ایف ٹیموں کے ریسپانس ٹائم کو مزید بہتر کرنے کے بھی احکامات دیے۔

آر پی او نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سرحدی چوکیوں کی عمارت اور مورچوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سے لیس کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ کی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے 11 حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے، اور ان کا عزم ہے کہ دہشت گرد کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

Shares: