کوٹ چھٹہ (تحصیل رپورٹر مریدحسین تالپور) ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، سردار فیض اللہ خان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی اپیل

شنواری ہوٹل کوٹ چھٹہ میں ایک بڑی آگ پر قابو پانے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جام پور سے سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ ایک بڑے قافلے کے ساتھ 1122 کے ہیڈ آفس ڈیرہ غازیخان پہنچے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ افسر احمد کمال، ایمرجنسی آفیسر عبد الرؤف، تحصیل انچارج ریسکیو 1122 حسنین خان رمدانی، ایریا انچارج لیڈ ملک محبوب عالم اور ان کی پوری ٹیم کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

سینکڑوں افراد درجنوں گاڑیوں میں شریک ہو کر ریسکیو 1122 کی ٹیم کو اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے پہنچے۔ سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ریسکیو 1122 وہ واحد ادارہ ہے جو بغیر تھکاوٹ اور آرام کے کام کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے حادثے میں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جس طرح اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آگ پر قابو پایا اور دو گیس ٹینکرز کو مزید نقصان سے بچایا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

سردار فیض اللہ خان نے یہ بھی کہا کہ ریسکیو 1122 کو ایک تعریفی سرٹیفکیٹ ملنا چاہیے اور انہوں نے وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی سے اپیل کی کہ وہ 1122 تحصیل کوٹ چھٹہ کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کریں تاکہ ان کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔

Shares: