قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی نوجوان کراٹے چیمپئن فاطمہ احمد خان سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے فاطمہ کی کم عمری میں کراٹے کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی محنت کو سراہا۔

قائمقام صدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، اور ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین تربیت اور مناسب مواقع دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے فاطمہ احمد خان کو ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایک تعریفی سند بھی پیش کی۔ فاطمہ احمد خان نے جاپان اور ایران میں منعقد ہونے والے مختلف کراٹے ٹورنامنٹس میں شرکت کی ہے اور اپنی شاندار پرفارمنس سے اپنے ملک کا نام بلند کیا ہے۔

فاطمہ احمد خان، جو کہ 10 ویں جماعت کی طالبہ ہیں، اپنے کھیل کی مہارت کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی معاملات میں بھی نمایاں ہیں، اور ان کا عزم و حوصلہ پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔

Shares: