لاہور پولیس نے سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چمپئینر ٹرافی کے دوران جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کی حالیہ کوششوں کے دوران، 446 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 118 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان سے 29 لاکھ روپے سے زائد کی رقم برآمد کی گئی ہے، جو جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث افراد کی سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جن میں سٹی ڈویژن میں 152، کینٹ میں 126، سول لائنز میں 18، صدر میں 31، اقبال ٹاؤن میں 80 اور ماڈل ٹاؤن میں 39 ملزمان گرفتار کئے گئے۔
سی سی پی او لاہور، بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرکٹ میچز کے دوران جوئے کے اڈوں کے ساتھ ساتھ آن لائن گیمبلنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مدد لی جائے گی تاکہ سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے والے اکاونٹس اور ایپلیکیشنز پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ جواء ایک سماجی لعنت ہے اور والدین کو اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ اس برائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جوئے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پاکستان اور امریکا کے عوامی رابطے مزید مستحکم کیے جانے چاہیے۔بلاول