لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات مکمل، ضلع خیبر میں 208 طلباء کی شرکت
وفاق المدارس العربیہ کے تحت ملک بھر میں ہونے والے سالانہ امتحانات مکمل ہوگئے، جس میں 6 لاکھ 25 ہزار 628 طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ ضلع خیبر کے طلباء کے لیے جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ شاکس کو امتحانی ہال مقرر کیا گیا، جہاں 208 طلباء نے امتحان دیا۔
جامعہ کی جانب سے امتحانی ہال میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور سرکاری قواعد پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔ طلباء اور امتحانی عملے کے لیے مفت قیام و طعام اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو عملہ بھی موجود رہا۔
امتحان میں شریک طلباء نے جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ شاکس کے بہترین انتظامات کو سراہا اور اسے دیگر مدارس کے لیے ایک مثالی نمونہ قرار دیا۔ طلباء نے کہا کہ انہیں پہلی بار امتحانات میں پرامن اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔
ملک بھر میں وفاق المدارس العربیہ کے تحت سینکڑوں امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں ڈھائی ہزار سے زائد ممتحنین اور ممتحنات نے امتحانات کا انعقاد یقینی بنایا۔
جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلمان نے کہا کہ ادارہ ہمیشہ بہترین امتحانی انتظامات کے تسلسل کو برقرار رکھے گا اور وفاق المدارس کے مرکزی صدر مفتی تقی عثمانی کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔