معروف بھارتی صنعتکار اور اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے اپنے بیٹے جیت اڈانی کی شادی کے موقع پر شاندار مثال قائم کرتے ہوئے 10,000 کروڑ روپے سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے عطیہ کر دیے۔

باغی ٹی وی کے مطابق جیت اڈانی نے احمد آباد کے اڈانی شانتی گرام ٹاؤن شپ میں بیلویڈیر کلب میں دیوا سے شادی کی، جو ہیروں کے تاجر جیمین شاہ کی بیٹی ہیں۔ شادی کی تقریب روایتی گجراتی انداز میں منعقد کی گئی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ حیران کن طور پر اس تقریب میں سیاستدان، کاروباری شخصیات، سفارت کار، بیوروکریٹس، فلمی ستارے اور دیگر معروف شخصیات شامل نہیں تھے۔

سادگی میں عظمت: گوتم اڈانی کا بڑا اعلان

گزشتہ ماہ مَہا کمبھ میلے کے دوران، گوتم اڈانی نے اعلان کیا تھا کہ ان کے بیٹے کی شادی سادہ اور روایتی انداز میں ہوگی۔ اپنے وعدے پر قائم رہتے ہوئے، نہ صرف شادی کو پُرتکلف تقاریب سے پاک رکھا بلکہ ایک منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے 10,000 کروڑ روپے مختلف سماجی منصوبوں کے لیے عطیہ کیے۔قریبی ذرائع کے مطابق، یہ عطیہ ان کے "سیوا سادھنا ہے، سیوا پراتھنا ہے اور سیوا پرماتما ہے” جیسے سماجی فلسفے کی عکاسی کرتا ہے۔

تعلیم، صحت اور مہارت کی ترقی پر توجہ

گوتم اڈانی کے اس خطیر عطیے کا بڑا حصہ صحت، تعلیم اور مہارت کی ترقی کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر خرچ ہوگا۔ ان منصوبوں کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات کو عالمی معیار کے سستے اسپتالوں، میڈیکل کالجز، معیاری K-12 اسکولوں اور جدید تربیتی اکیڈمیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔

’منگل سیوا‘: خصوصی خواتین کے لیے نئی امید

شادی سے محض دو دن قبل، گوتم اڈانی نے ‘منگل سیوا’ پروگرام کا اعلان کیا، جس کے تحت ہر سال 500 معذور شادی شدہ خواتین کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ جیت اڈانی نے 21 معذور خواتین اور ان کے شوہروں سے ملاقات کرکے اس منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا۔

گوتم اڈانی کا خصوصی پیغام

اپنے بیٹے کی شادی کے موقع پر گوتم اڈانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:”پرم پتا پرمیشور کے آشیرواد سے جیت اور دیوا آج شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔ یہ شادی احمد آباد میں قریبی رشتہ داروں کے درمیان روایتی اور مقدس رسم و رواج کے ساتھ انجام پائی۔ یہ ایک چھوٹی اور نجی تقریب تھی، اس لیے ہم چاہتے ہوئے بھی تمام خیرخواہوں کو مدعو نہیں کر سکے۔”انہوں نے اپنی بہو دیوا کو "بیٹی دیوا” کہہ کر پکارا، جو ان کے خاندانی رشتے کی مضبوطی اور خواتین کے احترام کی علامت ہے۔

بیٹے کی کامیابی اور خدمتِ خلق کی روایت

جیت اڈانی اس وقت اڈانی ایئرپورٹس میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ چھ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالتے ہیں اور نوی ممبئی میں ساتویں ایئرپورٹ کی تعمیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وہ یونیورسٹی آف پینسلوینیا کے اسکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے فارغ التحصیل ہیں۔

"دولت کی نمائش نہیں، خدمت اولین”

21 جنوری کو پریاگ راج میں کمبھ میلے کے دوران جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا جیت اڈانی کی شادی "مشاہیر کا کمبھ” ثابت ہوگی، تو گوتم اڈانی نے جواب دیا: "ہرگز نہیں۔ ہم عام لوگوں کی طرح ہیں۔ جیت یہاں ماں گنگا کی دعائیں لینے آیا تھا۔ اس کی شادی سادہ اور روایتی انداز میں ہوگی۔”گوتم اڈانی نے اپنے بیٹے کی شادی کے موقع پر "سیوا سب سے پہلے” کا جو عملی مظاہرہ کیا، وہ ایک مثال بن گیا۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ ذاتی خوشیوں کو معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر کے دولت کی اصل معنویت کو سمجھا جا سکتا ہے۔

پانی کی لائن ڈالنے پر لڑائی، فائرنگ سے2 افراد جاں بحق،3زخمی

سندھ میں بڑی پیشرفت، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے بیک ڈور رابطے

بوتل بند پانی فروخت کرنیوالے 28 برانڈز غیر محفوظ قرار

سابق کھلاڑی تنقید کے ساتھ ساتھ سکھاتے بھی ہیں، محمد رضوان

پانی کی لائن ڈالنے پر لڑائی، فائرنگ سے2 افراد جاں بحق،3زخمی

Shares: