کراچی: چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر تنظیمی امور سے متعلق ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن میں تنظیمی ذمہ داریوں کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور مختلف عہدے داروں کے کردار کا تعین کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے تمام تنظیمی اور پالیسی امور کی نگرانی کریں گے۔ سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی میں فاروق ستار، انیس قائم خانی اور امین الحق شامل ہوں گے، جو تنظیمی معاملات کی نگرانی کریں گے۔ جبکہ تنظیمی کمیٹی کی ذمہ داری انیس قائم خانی، امین الحق اور رضوان بابر کے پاس ہوگی۔
لیبر ڈویژن کی نگرانی مصطفیٰ کمال، فیصل سبزواری اور رضوان بابر کریں گے۔ شعبہ خواتین کی ذمہ داری نسرین جلیل، انیس قائم خانی اور کیف الوریٰ کے پاس ہوگی، جبکہ یوتھ فورم کی ذمہ داری فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور فیصل سبزواری کے پاس ہوگی۔ اس کے علاوہ پارٹی کے سوشل میڈیا شعبے کی ذمہ داری مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار کے پاس ہوگی، جبکہ بزنس فورم مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور فیصل سبزواری کے ماتحت کام کرے گا۔
اے پی ایم ایس او کے امور کی دیکھ بھال امین الحق اور فیصل سبزواری کے ذمہ ہوگی، اور ترقیاتی پیکج کے لیے ڈیولپمنٹ کمیٹی میں مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہوں گے۔ نسرین جلیل اور فیصل سبزواری کو بھی ترقیاتی پیکج کے لیے ڈیولپمنٹ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن کی جاری ہونے کے بعد، فاروق ستار کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر مکمل طور پر درست اور تصدیق شدہ ہے۔ تنظیمی معاملات کی دیکھ بھال کے لیے ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور یہ سرکلر مرکزی کمیٹی کے 11 اراکین کے اتفاق رائے سے جاری ہوا ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو سرکلر کے حوالے سے اختلاف ہے تو اسے پارٹی کے اندر رہ کر حل کرنا چاہیے۔