وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو انتخابات میں مسترد کر دیا ہے۔ اب پی ٹی آئی جھوٹ اور مظلومیت کا ڈرامہ رچا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی قیادت پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے 180 سیٹوں کا دعویٰ کیا تھا، وہ الیکشن ٹریبونل میں 20 درخواستیں بھی نہ دے سکے۔ یہ بات پی ٹی آئی کی سیاسی ناکامی کا واضح ثبوت ہے اور یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ ان کے دعوے جھوٹے ہیں۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات کے بعد پھیلائی جانے والی منفی سیاست اور جھوٹ کی حقیقت سامنے آ چکی ہے، اور عوام نے ان کی جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔
عطا تارڑ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کوشاں ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے 8 فروری کو انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کا جھوٹا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نتائج آنا شروع ہوئے تو ایک جھوٹا بیانیہ پھیلانا شروع کر دیا گیا تھا۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو اسمبلی کو جعلی قرار دیتے تھے، وہی اسی اسمبلی میں مذاکرات کے لیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عدالتوں میں بھی گئے لیکن ایک سال میں کسی حلقے میں دھاندلی ثابت نہ کر سکے۔ن لیگ کے رہنما نے اپنے حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے عوام کے دل اپنی کارکردگی سے جیتے ہیں۔ ایک سال پہلے کے حالات اور آج کے حالات میں واضح فرق ہے۔ آج مہنگائی کم ہو چکی ہے اور اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ سے اوپر جا چکا ہے،طلال چوہدری نے کہا کہ ہم یوم تعمیر اور ترقی منا رہے ہیں جبکہ مخالفین یوم احتجاج اور فساد منا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی میں ہم سے مقابلہ کیا جائے اور خیبر پختونخوا میں 13 سال کی کارکردگی سامنے لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین ہمیشہ گالیاں دیتے ہیں، اور جب گالیاں نہیں چلتی تو یہ فساد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پشاور کے لوگ پنجاب میں علاج کرانے آتے ہیں، اور یہ سوال اٹھایا کہ کیا ان لوگوں نے کوئی نئی یونیورسٹی بنائی ہے؟طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب آج ہم سے مطمئن ہے، اور مغرب نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی شروع ہو رہی ہے اور ہم اس تعمیر و ترقی کو جاری رکھیں گے