ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر ) ڈیرہ غازی خان آرٹس کونسل میں سرائیکی ثقافتی میلے کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ میلے میں سرائیکی اجرکوں اور سرائیکی جھمر نے چار چاند لگا دئیے۔ سرائیکی ثقافتی اور کتابوں کے سٹالز بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل، ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد شہزاد، سرائیکی رہنما منظور خان دریشک اور سرائیکی میلے کے چیف آرگنائزر ظہور دھریجہ موجود تھے۔ انہوں نے ربن کاٹ کر میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

آرگنائزر ظہور دھریجہ نے کہا کہ وسیب کی شناخت کو کوئی نہیں مٹا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب وسیب کے لوگ اپنا صوبہ اور اپنے حقوق حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں بعد وسیب کے لوگوں نے اپنی زبان و ثقافت کو پھر سے زندہ کر کے امن عالم کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل نے کہا کہ سرائیکی ثقافت دنیا کی بہترین ثقافت ہے۔ انہوں نے ظہور دھریجہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈی جی خان آرٹس کونسل کے اشتراک سے بہترین اور یادگار پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔

ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد شہزاد نے کہا کہ سرائیکی ثقافت کی ترقی کے لیے وسیب کے فنکاروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ظہور دھریجہ اور ان کے ادارے کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر سرائیکی رہنما حضور بخش گلفاد، ڈاکٹر ارشاد احمد ناصر، مرتضیٰ موہانہ، خلیل خان چنگوانی، حاجی غلام فرید کنیرہ، ملک سلیم، عاشق صدقانی، رضوانہ تبسم درانی، ثوبیہ ملک، محمد اختر خان چنال، جعفر حسین جعفری، حسنین عباس، ریاض خان، انعام اللہ، آصف دھریجہ، سہیل صدیقی، واحد بخش خان گبول، عبدالخالق دھریجہ، حنیف خان گبول، ڈاکٹر شہزاد گھلو، یوسف خان گبول، سید عامر مشہدی، ڈاکٹر سکندر کھکھل، حاجی نذیر جھلن، سانول خان بلوچ، شان دھریجہ، ملک زبیر وینس، داؤد خان المانی، ولید خان المانی، حسان خان المانی سمیت وسیب سے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

Shares: