ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر)مقتول انیس الرحمٰن گل کے والد حاجی عبدالحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو 20 نومبر 2023 کو دن دیہاڑے بھرے بازار میں یاسر بزدار اور اس کے ساتھی نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ جس کا تھانہ کالا میں مقدمہ درج ہوا اور ملزمان گرفتار ہوئے۔

حاجی عبدالحق نے بتایا کہ قاتل کے بھائی خلیل نے پہلے تھانہ کالا میں نامعلوم افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروایا اور بعد میں مقتول کے ورثاء کو نامزد کرنے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ پھر ڈی جی خان کے تھانہ میں اسلامک لاء کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج تھا جس میں بھی خلیل نے مقتول کے ورثاء کو نامزد کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی ناکام رہی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 21 نومبر 2025 کو قاتل کے بھائی خلیل نے پیسے دے کر ایک عورت کو ملتان سے بلا کر مقدمہ قتل کے مدعی قمر اور گواہان شہزاد حمید وغیرہ پر جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔ 7 فروری کو عدالت میں جرح کی پیشی تھی جب ملزم کو احاطہ عدالت لایا گیا تو قاتل اور اس کے رشتہ داروں نے مدعی پارٹی پر حملہ کر دیا جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔

حاجی عبدالحق نے کہا کہ خلیل اور اس کے ساتھی ہر وقت آتشیں اسلحہ سے لیس ہوتے ہیں اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتے ہیں۔ وہ انہیں زبردستی صلح کرنے پر مجبور کر رہے ہیں اور صلح نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو سکول بھی نہیں بھیج سکتے۔

انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ انہیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے، قاتل گروپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور تھانہ کالا میں درج جھوٹی ایف آئی آر 53/25 خارج کی جائے۔

Shares: