ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائنز مقرر کر دی گئی ہیں . معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنانے کیلئے سخت نگرانی کے بھی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں . یہ احکامات کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے . ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اوردیگر نے منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی .
اجلاس میں رواں مالی سال کی اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا. بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25کے تحت ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 582منصوبوں پر کام کیا جارہاہے جس کیلئے حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کیلئے 39ارب روپے مختص کیے ہیں . علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کی سہولیات میں بہتری اور اضافہ کیلئے زچہ بچہ ہسپتال ، نئی او پی ڈی اور گائنی وا رڈ تعمیر کیا جار ہا ہے . ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر ایک اور سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا .
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہاکہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں زیادہ وقت گزاریں اور منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے . مفاد عامہ کے منصوبوں میں ناقص مٹیریل ثابت ہونے پر تعمیراتی کمپنی کو آئندہ سرکاری منصوبوں کیلئے بلیک لسٹ کیا جائے گا تو وہاں متعلقہ تعمیراتی محکموں کے افسران کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی ہو گی.
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے حائل رکاوٹوں اور خامیو ںکو دور کیا جائے . تمام محکمے مل کر کام کریں ، ذمہ داریاں ایک دوسرے پر عائد کرنے کی روش ترک کی جائے .








