قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 304 رنز کا ہدف 8 گیندوں پہلے ہی حاصل کر کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ نیوزی لینڈ نے 4 وکٹوں پر 308 رنز بنائے اور یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔
میچ کی خاص بات نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کی شاندار سنچری تھی، جنہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 133 رنز کی باری کھیلی۔ ان کے ساتھ ساتھ ڈیوان کانوے نے 97 رنز بنائے، جبکہ مچل 10، لیتھم صفر اور ینگ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کے بیٹر میتھیو بریٹز نے اپنے ڈیبیو پر شاندار سنچری اسکور کی، اور 150 رنز کی اننگز کھیلی، جس نے ٹیم کو ایک مضبوط اسکور دینے میں مدد کی۔
سہ ملکی سیریز کے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس کے دوران کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، راچن رویندرا کی جگہ کونوے کو شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں اور وہ کھیلنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
سیریز کی موجودہ صورتحال
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 331 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم قومی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اب نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ چکا ہے، اور دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے بعد ہوگا۔








