سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے آرمی چیف کو لکھے گئے خط پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام آئینی ترامیم جمہوری عمل سے گزرتی ہیں، اور ان ترامیم کو جمہوریت کے اصولوں کے مطابق ہی لاگو کیا جاتا ہے۔ منتخب ججوں کے حوالے سے عمران خان کے الزامات گمراہ کن ہیں اور حقیقت سے کوسوں دور ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خود 2018 میں الیکٹورل انجینئرنگ کے الزامات کے دوران برسراقتدار آئے تھے، اور ان الزامات کی حقیقت عوام کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا تھا، جو ایک افسوسناک بات ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کے لیے ایک کارکن کے طور پر کام کیا، اور عوام آج تک اس گٹھ جوڑ کو نہیں بھولے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان عوامی حمایت کھونے کے بعد جمہوری عمل کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ ایک افسوسناک اور غیر جمہوری عمل ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور تمام آئینی اور قانونی تبدیلیاں جمہوری طریقے سے کی جانی چاہئیں، تاکہ ملک میں آئین کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی یقینی بن سکے۔

Shares: