سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں 7 لاکھ 92 ہزار 446 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے گئے۔
مہم کے دوران 2276 موبائل ٹیموں نے 5 لاکھ 51 ہزار 36 بچوں کو گھروں میں، 1 لاکھ 557 کو اسکولوں میں اور 12 ہزار 173 بچوں کو ویکسین دی۔ مزید برآں، 133 فکسڈ ٹیموں نے اسپتالوں اور صحت مراکز میں 6 ہزار 445 بچوں کو کور کیا، جبکہ 69 ٹرانزٹ ٹیموں نے 13 ہزار 246 بچوں کو ویکسین دی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق، دیگر اضلاع اور صوبوں سے آئے 54 ہزار 19 بچوں کو بھی ویکسین دی گئی، جبکہ 5 ہزار 623 بچے مختلف وجوہات کی بنا پر کور نہ ہو سکے، جن کا مکمل ڈیٹا محفوظ کر لیا گیا ہے اور آئندہ مہم میں انہیں ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کامیاب رہی اور دورانِ مہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس مہم میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔