اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری فرزانہ انور بلوچ نے کہا ہے کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے لیے کثیر تعداد میں شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم کو مؤثر بنایا جائے، اور پودوں کی مناسب آبیاری کے ذریعے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 35/2-RA میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، سکول پرنسپل، اساتذہ اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ 15 فروری کو شجرکاری کا دن منایا جا رہا ہے، جس کے تحت سرکاری سکولوں میں طلبہ کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس مہم کے دوران نہ صرف پودے لگائے جائیں گے بلکہ طلبہ کو شجرکاری کا پیغام دوسروں تک پہنچانے کی بھی تلقین کی جائے گی۔
مہم کے دوران شرکا نے سکول میں پودے لگا کر عملی شجرکاری کا آغاز کیا۔









