میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی(نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی میں 30 سال تک مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والے مزدور رہنما محمد صادق لغاری کو سندھ کی ثقافت اجرک اور پھولوں سے بھرپور الوداعی تقریب میں اعزاز دیا گیا۔ ریڑھی مزدور اتحاد یونین ڈہرکی کی جانب سے اس شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونین کے کارکنان، مزدور رہنما اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں محمد صادق لغاری نے اپنی زندگی کے اس اہم لمحے پر خطاب کرتے ہوئے اپنے محسنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں نے 30 سال مزدوروں کے حقوق کی جنگ میں وقف کیے اور اس جدوجہد میں ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت اور دیگر اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اپنی جدوجہد کے دوران درپیش مشکلات اور الزامات کا بھی ذکر کیا مگر ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ کھڑا رہنے کی کوشش کی اور ان کی فلاح کے لیے اپنی محنت جاری رکھی۔
تقریب میں خادم حسین بھٹو، راجا فرخ، عبداللہ بخش راجڑی، نوید چغتائی، لطیف اللہ چھجن اور دیگر رہنماؤں نے محمد صادق لغاری کی محنت اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی اور عملی اقدامات کیے۔
محمد صادق لغاری نے مزدوروں کو متحد رہنے اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان کا مشن مزدوروں کے حقوق کے لیے ہمیشہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے تمام ساتھیوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی خدمات کو مزدور طبقے کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کا عزم ظاہر کیا۔