میرپور ماتھیلو (نامہ نگار) ضلع گھوٹکی کے کچہ ایریا میں پولیس کا ڈاکوؤں اور اغوا کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی اور بھاری نفری کے ساتھ گزشتہ دو ہفتوں سے کارروائیاں جاری ہیں۔

آج بھی سب ڈویژن رونتی کے تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں پولیس نے سندرانی گینگ اور حنیف میرانی گینگ کے خلاف آپریشن کیا۔ یہ گروہ اغواء برائے تاوان، رہزنی، ٹریکٹر چھیننے، پولیس مقابلوں اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

پولیس نے کچہ ایریا کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے اور ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو مسمار کرکے نذر آتش کر دیا۔ آپریشن میں ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ عبدالقادر چاچڑ کی سربراہی میں ایس ایچ اوز اور پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل ہونے تک کارروائی جاری رہے گی تاکہ علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جا سکے۔

Shares: