نئی دہلی کے ایک ٹرین اسٹیشن پر ہفتہ کی رات ایک ہجوم کے دباؤ کی وجہ سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر کمبھ میلہ کی جانب جانے والی ٹرینوں میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، دہلی پولیس نے بتایا کہ "18 افراد جن میں 9 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، گزشتہ رات 10 بجے کے قریب دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہونے والی بھیڑ کے دباؤ میں ہلاک ہوگئے۔”دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر کے پی ایس ملہوترا نے ہندوستانی نیوز ایجنسی این آئی کو بتایا کہ یہ حادثہ ہفتہ کی رات اس وقت پیش آیا جب دو ٹرینوں کی سروس میں تاخیر اور مسافروں کی ایک بڑی تعداد کے آمد کی وجہ سے اسٹیشن پر بھیڑ بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ "حالات 10 سے 15 منٹ کے لیے قابو سے باہر ہوگئے تھے۔”

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں لوگ "مہا کنبھ میلہ” کی جانب روانہ ہو رہے تھے جو بھارت کے شہر پرایاگراج میں ہوتا ہے۔یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت آیا ہے جب چند ہفتے قبل ہی مہا کنبھ میلہ میں بھیڑ کے دباؤ کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس افسوسناک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اتوار کو "ایکس” پر لکھا: "میری دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ حکام ان تمام افراد کی مدد کر رہے ہیں جو اس سانحہ سے متاثر ہوئے ہیں۔”

بھارتی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے بھی ٹویٹ کیا کہ وہ "افسوسناک” حادثے پر گہرے غم میں ہیں۔ انہوں نے کہا، "میری دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔”

ویشنو نے مزید کہا کہ اس واقعہ کے بعد 4 ٹرینوں کو اسٹیشن سے لوگوں کو نکالنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ پولیس موقع پر موجود تھی اور صورتحال اب قابو میں ہے۔ حادثے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے اسٹیشن پر سیکورٹی بڑھاتے ہوئے بھاری پولیس فورس تعینات کر دی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں

ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے تشکیل شدہ دو رکنی ٹیم نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ اتوار کی دوپہر ٹیم پلیٹ فارم نمبر 16 پر پہنچی اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلات جمع کیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے ان سیڑھیوں کا بھی معائنہ کیا جہاں بھگدڑ مچی تھی۔ ٹیم نے ریلوے کے متعلقہ افسران سے بھی گفتگو کی اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ حادثے کے وقت محکمہ کے افسران کہاں تھے اور کیا کر رہے تھے۔ قبل ازیں، پہلے اسٹیشن کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے سیل کر دیے گئے تاکہ شواہد محفوظ رہیں۔

واقعے کے بعدبھارتی وزارت ریلوے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

Shares: