لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) جامعہ فیض القرآن گاگرہ میں سالانہ دستار بندی کی پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں 128 طلباء کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر علاقے کے جید علما، عمائدین، بلدیاتی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی مفتی رحیم داد، معروف نعت خواں بلبلِ پختونخوا بشیر ارمانی، شیخ الحدیث مولانا تحسین اللہ، مولانا محمد حسین عرف ڈپٹی مولانا، مولانا انواراللہ عثمانی عرف سرائے استاد اور مہتمم جامعہ مولانا عبدالرحمن سمیت دیگر علما نے خطاب کیا۔ مقررین نے قرآن و حدیث کی فضیلت، دینی مدارس کی اہمیت اور عصرِ حاضر میں اسلامی تعلیمات کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی، جسے شرکاء نے عقیدت و احترام کے ساتھ سنا۔
تقریب میں 28 حفاظِ کرام، 7 طلبۂ ترجمہ و تفسیر اور ناظرہ قرآن کے 93 طلباء کو سند فضیلت سے نوازا گیا۔ شرکاء نے طلبہ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں دین کی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی بھلائی، دینی مدارس کی ترقی اور جامعہ فیض القرآن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں مہتمم جامعہ مولانا عبدالرحمن نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔