حافظ آباد (باغی ٹی وی، خبر نگار) حافظ آباد کے نواحی علاقے کالیکی منڈی کے رہائشی غلام سبحانی نے تھانہ صدر میں درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ چند دن قبل انہیں دن دہاڑے ڈاکوؤں نے روک کر ان سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ غلام سبحانی دارالامان حافظ آباد میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور کام ختم ہونے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں سپائر کالج کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔
متاثرہ شخص کے مطابق نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسے روکا اور اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور دیگر ضروری دستاویزات بھی چھین لیں۔
غلام سبحانی نے اپنی درخواست میں لکھا کہ ڈاکوؤں کے اس ظلم و ستم کی وجہ سے انہیں نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ ان کی ذاتی زندگی بھی متاثر ہوئی۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واردات کی تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور موٹر سائیکل سمیت تمام سامان واپس دلوایا جائے تاکہ وہ مزید پریشانی سے بچ سکیں۔