میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کے احکامات پر گھوٹکی کے کچہ علاقے میں شر گینگز کے اغواء کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور رینجرز کے ونگ کمانڈر کی قیادت میں آپریشن گزشتہ 3 سے 4 ہفتوں سے جاری ہے، جس میں شر گینگز کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔

تازہ کارروائی میں پولیس اور رینجرز کا سب ڈویژن رونتی کے تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود میں موریو سونانی شر اور چاندی سونانی شر گینگز کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے۔ دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے، جبکہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چاندی شر، موریو شر، حفیظ شر، گلی شر، سائینداد شر، شبو شر، قائم شر اور احمدو شر کے 15 سے زائد ٹھکانوں کو مسمار کر دیا ہے۔

تقریباً دو ہفتے قبل ان ہی گینگز کے اغواء کاروں نے موٹر وے پر حملہ کر کے ٹرک ڈرائیوروں کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی، جسے پولیس اور رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد سے مسلسل ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس میں متعدد اغواء کار زخمی ہو چکے ہیں اور کئی ڈاکو پولیس کے خوف سے خود کو حکام کے حوالے کر رہے ہیں۔

پولیس اور رینجرز نے کچہ کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے سخت چیکنگ شروع کر دی ہے۔ آج کے آپریشن میں ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو، رینجرز کے ونگ کمانڈر، اے ایس پی میرپور ماتھیلو، ڈی ایس پی اباوڑو، ڈی ایس پی رونتی، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، بھاری پولیس نفری اور رینجرز کے ساتھ بکتر بند گاڑیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔

Shares: